وزیراعظم شہباز شریف نے آمنہ بلوچ کو سیکرٹری خارجہ تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ ڈیلی پوسٹ انٹرنیشنل بادبان کے مطابق دفتر خارجہ میں کلیدی تقرریوں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں آمنہ بلوچ کی تقرری کے علاوہ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کو فرانس میں پاکستان کی سفیر تعینات کرنے کی منظوری بھی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق آمنہ بلوچ اس وقت یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر ہیں۔ اس سے قبل وہ ملائیشیاءمیں پاکستانی ہائی کمشنر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی تھیں۔آمنہ بلوچ اپنے کیریئر کے دوران ہیڈکوارٹرز اور بیرون ملک مشنز میں مختلف اہم عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں۔ وہ چین میں پاکستان کی قونصل جنرل، سری لنکا میں منسٹر کونسلر، وزیراعظم آفس میں جوائنٹ سیکرٹری اور وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری بھی رہ چکی ہیں۔تہمینہ جنجوعہ کے بعد آمنہ بلوچ وزارت خارجہ میں اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہونے والی دوسری خاتون ہوں گی۔ تہمینہ جنجوعہ کو فروری 2017ءمیں اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ملک کی پہلی خاتون خارجہ سیکرٹری تعینات کیا تھا۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے جانباز خان کو برونائی میں پاکستان کا نیا سفیر، محمد سلیم کو کینیڈا میں نیا ہائی کمشنر، ملک فاروق کو جنوبی افریقہ کا نیا ہائی کمشنر مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ فیصل نیاز ترمذی، جو اس وقت متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر ہیں، کو یورپی یونین اور بیلجیم میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ۔