ایران کے نیوکلیر سیکیوریٹی کور کے کمانڈر جنرل احمد حق طلب نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کے خلاف صیہونی حکومت کی دھمکی ہماری جوہری پالیسیوں اور تحفظات پر نظر ثانی اور تبدیلی کا باعث بن سکتی ہیں۔انہوں نے کہا اگرچہ، اٹامک ایجنسی کے قواعد و ضوابط، پروٹوکول اور اسٹینڈرڈ کی بنیاد پر، تمام ممالک جوہری تنصیبات پر حملہ نہ کرنے کے پابند ہیں مگر اسکے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران شروع ہی سے ان خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ صہیونی دشمن کے ایٹمی مراکز کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور تمام اہداف کے بارے میں ضروری معلومات ہمارے اختیار میں ہیں۔احمد حقطلب نے تاکید کی کہ ممکنہ صیہونی کارروائی کا جواب دینے کے لیے ہم انکے اہداف پر طاقتور میزائل داغنے کے لیے تیار ہیں۔انکا کہنا تھا کہ اگر صیہونی حکومت ہمارے ایٹمی مراکز اور تنصیبات کے خلاف کارروائی کرنا چاہتی ہے تو اسے یقینی طور پر ہمارے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا اور صیہونی ایٹمی مراکز پر انکے مقابلے کے جدید ہتھیاروں سے حملہ اور آپریشن کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اصفہان میں آج صبح ایئر ڈیفنس سسٹم نے کسی مشکوک چیز پر فائرنگ کی۔ کچھ ممکنہ اہداف سے نمٹنے کے لیے ایران کے بعض حصوں میں اینٹی ائير کرافٹ سسٹم فعال کردیا گیا ہے تاہم اب تک کسی بھی فضائی خطرے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر دھماکے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق آج صبح 4 بجے اصفہان میں بیس 8 کے اینٹی ائیر کرافٹ سسٹم نے کسی مشکوک چیز کو روکنے کے لیے فائرنگ کی۔اصفہان میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے اعلیٰ افسر بریگیڈیئر جنرل میہندوست نے بتایا کہ فائرنگ کی آواز اصفہان ایئر ڈیفنس سے متعلق ہے جہاں ایک مشکوک چیز پر فائر کیا گیا اور ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اصفہان کی اہم تنصیبات بالخصوص جوہری تنصیبات مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان میں کوئی حادثہ پیش نہیں آیا ہے۔صارفین کی جانب سے ریکارڈ کی گئی تصاویر ملک کے بعض حصوں میں انتہائی کم اونچائی پر خطرات کے خلاف پوائنٹ ڈیفنس سسٹم کے طور پر کام کرنے والی اینٹی ائیر کرافٹ سسٹم کی سرگرمی کی نشاندہی کرتی ہیں جنکی 100فیصد چوکس حالت مکمل طور پر معمول کی بات ہے۔رپورٹ کے مطابق ابھی تک میزائل ڈیفنس سسٹم سے فائر کیے جانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔