خصوصی کمیٹی سے منظور شدہ آئینی ترامیم کا ڈرافٹ خصوصی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں اتفاق رائے ہونے کے بعد 11 صفحات پر مشتمل مسودہ کو حتمی شکل دیدی گئی۔ آئینی ترمیم کو 26 ویں ترمیمی ایکٹ 2024 کا نام دیا گیا ہے۔مجوزہ آئینی مسودے میں 9A کا اضافہ کیا گیا ہے اور آئین کے آرٹیکل 38 اور آئین کے آرٹیکل 48 اور آئین کے آرٹیکل 81 میں ترمیم کی گئیں ہیں۔مجوزہ ترمیم کے مطابق کابینہ کی صدر یا وزیراعظم کو بھیجی گئی سفارشات کے متعلق کوئی عدالت نہیں پوچھ سکے گی، آرٹیکل 175 اے میں ترمیم کر کے جوڈیشل کمیشن کے ارکان کی تعداد بڑھانے کی تجویز بھی شامل ہے۔جوڈیشل کمیشن میں چیف جسٹس کے ساتھ سپریم کورٹ کے 4 سینئیر ترین جج اور جوڈیشل کمیشن میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے دو ، دو ارکان شامل کرنے کی بھی تجویزکی تجویز بھی ہے۔مجوزہ ترمیم کے مطابق وزیر قانون، اٹارنی جنرل اور پاکستان بار کا امزد وکیل جوڈیشل کمیشن کے رکن ہوں گے، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ایک ایک رکن کا تعلق حکومت اور اپوزیشن سے ہو گا۔مجوزہ ترمیم کے مطابق مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم کے نئے مسودے میں 26 ترامیم شامل ہیں۔ نئے مسودے میں ایک بار پھر آئینی بینچ تشکیل دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔مجوزہ ترمیم میں تجویز دی گئی کہ جوڈیشل کمیشن آئینی بینچز اور ججز کی تعداد کا تعین کرے گا، آئینی بینچز میں جہاں تک ممکن ہو تمام صوبوں سے مساوی ججز تعینات کیے جائیں گے۔ آرٹیکل 184 کے تحت از خود نوٹس کا اختیار ائینی بینچز کے پاس ہوگا۔ آرٹیکل 185 کے تحت آئین کی تشریح سے متعلق کیسز آئینی بینچز کے دائرہ اختیار میں آئیں گے۔










