سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا، وفد میں 30 سے زائد کمپنیوں کے سرمایہ کار شامل ہیں۔سعودی وفد ولی عہد محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایت پر پاکستان پہنچا ہے، سعودی تجارتی وفد سرمایہ کاری کے باہمی تعاون کےلیے پاکستان پہنچ گیا۔سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک کی قیادت میں وفد کے 50 ارکان ہیں جس میں ٹیکنالوجی، توانائی، ہوا بازی، تعمیرات، مائننگ اور ہیومن ریسورسز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 30 کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں۔وزیر تجارت جام کمال اور وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے سعودی وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر جام کمال نے کہا کہ سعودی وفد کے دورے کا مقصد باہمی تجارتی تعلقات کا فروغ ہے۔جام کمال نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں 30 سعودی کمپنیوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں منسلک ہوں گی۔ بزنس ٹو بزنس میٹنگز میں زراعت، کان کنی، انسانی وسائل پر توجہ دی جائے گی۔ توانائی، کیمیکلز اور میری ٹائم جیسے شعبوں پر بھی توجہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، مذہبی سیاحت، ٹیلی کام، ایوی ایشن کے شعبے بھی زیر غور آئیں گے۔ پاکستانی کمپنیاں اپنے کاروبار اور سرمایہ کاری کی تجاویز سعودی کمپنیوں سے شیئر کریں گی