—وفاقی وزیر اطلاعات ۔۔۔ میڈیا سے گفتگوملکی ترقی کے لئے وفاق اور اکائیاں ایک پیج پر ہیں، عطاءاللہ تارڑاسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس سے اتحاد کا پیغام گیا کہ ملکی ترقی کے لئے وفاق اور اکائیاں ایک پیج پر ہیں، معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، بیرون ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے رقوم مختص کی جا رہی ہیں، مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد پر آ گئی ہے، آئندہ ماہ اس میں مزید کمی متوقع ہے، ایس آئی ایف سی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا اجلاس اچھے اور خوشگوار ماحول میں ہوا، اجلاس میں ملکی معیشت، سرمایہ کاری میں اضافے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ آج ایس آئی ایف سی کے اجلاس سے اتحاد کا پیغام گیا ہے کہ وفاق اور اکائیاں ایک پیج پر ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں ایس آئی ایف سی کے فورم کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی وزراءنے اجلاس میں اپنی قیمتی رائے کا اظہار کیا ہے، ان کے تعاون سے ہی یہ فورم آگے بڑھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مختص کرنے کے حوالے سے بھی اجلاس میں گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے ایس آئی ایف سی کے اندر چین، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، یورپی یونین اور امریکہ کے لئے چھ ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی ہے جسے تمام وزراءاعلیٰ نے سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے آج کے اجلاس کے ثمرات آنے والے دنوں میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، بیرون ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے رقوم مختص کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ ہمیں امداد اور قرض نہیں چاہئے، ہمارا سارا فوکس سرمایہ کاری اور تجارت پر ہوگا۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ آج کے اجلاس میں یہ بھی طے ہوا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس تسلسل سے ہوں گے، ان اجلاسوں میں تجاویز پر غور کیا جائے گا اور پھر یہ تجاویز ایپکس کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کو فیصلے کرنے کا اختیار بھی تفویض کیا گیا ہے جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی میں صوبائی نمائندگی بھی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کیلئے آرمی چیف کی بہت کاوشیں ہیں، انہوں نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بہت کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا فورم سرمایہ کاروں پر کام کر رہا ہے جس کے نتائج ہمیں نظر آ رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری پاکستان اور اس کے دوست ممالک کے بہترین مفاد میں ہے، ہمارے دوست ممالک نے پاکستان کی ہمیشہ قدر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر ملنے والی کامیابیوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں، مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے جو 38 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد پر آ گئی ہے اور انشاءاللہ اگلے ماہ جب اعداد و شمار جاری کئے جائیں گے تو مہنگائی میں عوام واضح کمی محسوس کریں گے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، انہوں نے اپنے صوبے کے حوالے سے بات کی۔ انہون نے کہا کہ سیاست میں سیاسی لوگوں سے بات چیت رہنی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام وزارتوں کی کپیسٹی بلڈنگ کی جائے گی، اس مقصد کے لئے وزارتوں کے اندر کنسلٹنٹس ہائر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ وومن بینک سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے، انشاءاللہ چیزیں مزید بہتر ہوں گی