وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال کی جی ڈی پی گروتھ پر نظر ثانی کردی ہے۔سیکریٹری منصوبہ بندی کی زیر صدارت نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں جی ڈی پی گروتھ پر نظرثانی کی گئی۔اعلامیے کے مطابق گزشتہ مالی سال24-2023ء میں جی ڈی پی گروتھ 2 اعشاریہ 52 فیصد رہی جبکہ گزشتہ تخمینے میں جی ڈی پی گروتھ 2 اعشاریہ 38 فیصد تھی۔وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں گروتھ 3 اعشاریہ 07 فیصد رہی تھی۔اعلامیے کے مطابق چوتھی سہ ماہی میں زرعی شعبے کی گروتھ 6 اعشاریہ76، سروسز کی 3 اعشاریہ 69 اور اندسٹریز کی گروتھ 3 اعشاریہ 59 فیصد رہی۔وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق رواں مالی سال گزشتہ سال کے مقابلے میں زرعی شعبے کی گروتھ 6 اعشاریہ 36 فیصد رہی جبکہ صنعتی شعبے کی گروتھ منفی 1 اعشاریہ 15 فیصد رہی ہے۔اعلامیے کے مطابق بڑی صنعتوں کی گروتھ 1 اعشاریہ 08 فیصد، رئیل اسٹیٹ کی گروتھ 3 اعشاریہ 74 فیصد اور تعلیم کے شعبے کی گروتھ 8 اعشاریہ 55 فیصد رہی ہے۔وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق بجلی گیس اور پانی کے شعبوں کی گروتھ منفی 23 فیصد جبکہ خدمات کے شعبے کی گروتھ 3 اعشاریہ 39 فیصد رہی ہے۔