اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے ایک جج کی جانب سے ایوان کے بارے میں ریمارکس کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے وزیر پارلیمانی امورکو ہدایت دی کہ وہ معزز جج کو آگاہ کریں کسی کو پارلیمنٹ کے حوالے سے بات کرنے کی اجازت نہیں ۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ وقفہ سوالات کے دوران کوئی پوائنٹ آف آرڈر نہیں ہو گا۔ اپوزیشن اور حکومت کو چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے خط لکھا ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے کسی جج نے پارلیمنٹ کے حوالے سے بات کی ہے۔وزیر پارلیمانی امور متعلقہ جج کو آگاہ کریں کسی کو پارلیمنٹ کے حوالے سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان (سی جے پی) یحییٰ آفریدی سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) وفد کی ملاقات کا اعلامیہ سامنے آگیا۔اعلامیے کے مطابق جوئیل ترکویٹز کی قیادت میں آئی ایم ایف وفد نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے دوان ملاقات عدالتی کارکردگی بہتر بنانے کےلیے جاری کوششوں کا جائزہ پیش کیا۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدلیہ آزاد ادارہ ہے اور بطور سربراہ اس کی خودمختاری کا تحفظ میری ذمے داری ہے۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے یہ بھی کہا عام طور پر عدلیہ کا ایسے مشنز سے براہ راست رابطہ نہیں ہوتا ہے۔

سعودی عرب، کینیڈا ، متحدہ عرب امارات سمیت 6 ملکوں سے 24 گھنٹے کے دوران مزید 100 پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا جن میں سے سعودیہ سے واپس بھیجے گئے 17 افراد کو حراست میں لے کر انسداد انسانی اسمگلنگ منتقل کر دیا گیا۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سعودی عرب میں 4 بلیک لسٹ، 13 بھکاریوں، پاسپورٹ میں قوائد کی تبدیلی اور زائد المیعاد قیام پر 5، معاہدے کی خلاف ورزی پر 16، کام سے مفرور پر 23، کفیل کے بغیر کام کرنے پر 13، زائد المیعاد قیام پر 3 پاکستانیوں کو واپس بھیج دیا گیا۔

عمان، سومالی لینڈ اور امارات میں بلیک لسٹ پر 4 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کینیڈا میں زائد المیعاد قیام پر 1، عراق میں غیرقانونی داخلے اور زائد المیعاد قیام پر 7 ، امارات میں دستاویزات نہ ہونے پر 1، جیل سے رہا کرکے 9 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔










