سینیٹ میں اپوزیشن نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان بل پر ووٹنگ کا نتیجہ نہ بتانے پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف کا شدید احتجاج کیا ڈپٹی چیئرمین نے پی ٹی آئی کے 3 سینیٹرز کی رکنیت معطل کردی ہے جبکہ وزارت داخلہ نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے سزا یافتہ افسران کی فہرست سینیٹ میں پیش کی.

نجی ٹی وی کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا ایوان بالا میں ڈپٹی چیئرمین استعفیٰ دو، چیئرمین سینٹ کو بازیاب کرو اور شرم کرو حیا کرو کے نعرے گونجتے رہے اپوزیشن سینیٹرز چیئرمین سینیٹ ڈائس کے قریب پہنچ گئے، اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رولز کے مطابق آپ نے ووٹنگ کا نتیجہ بتانا ہے، آپ نے اپوزیشن سینیٹرز کو بھونکنے سے تشبیہ دی.اپوزیشن کے شدید احتجاج پر ڈپٹی چیئرمین نے واضح کردیا کہ کسی کی من مانی سے نہیں یہ ہاﺅس قانون کے مطابق چلایا جائے گا وہ کل کے واقعے پر وضاحت دے چکے.

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ خاموش ہو جائیں، تھک جائیں گے بعدازاں ڈپٹی چیئرمین نے پی ٹی آئی کے 3 سینیٹرز عون عباس، ہمایوں مہمند اور فلک ناز چترالی کی رکنیت معطل کردی.دریں اثنا، انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے سزا یافتہ افسران کی تعداد سینیٹ میں پیش کردی گئی وزارت داخلہ کے مطابق 3 برسوں کے دوران 51 ایف آئی اے افسران انسانی اسمگلرز کے ساتھ ملی بھگت میں ملوث پائے گئے،وزارت داخلہ کے مطابق انسانی اسمگلروں سے ملی بھگت پر 2022 کے دوران 6 افسران نوکریوں سے برطرف کیے گئے 2023 کے دوران 4 افسران اور 2024 میں 41 افسران کو نوکریوں سے برطرف کیا گیابعدازاں سینیٹ کا اجلاس جمعے کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا.

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے اضافی ناکے لگا دیئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے سرچ آپریشن کے باعث اڈیالہ جیل کی جانب جانے والے راستوں پر کنٹینرز کھڑے کردیئے ہیں، پولیس نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان کی گاڑی کو بھی جیل سے 2 کلومیٹر دُور روک لیا، اس دوران علیمہ خان نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے عدالتی احکامات بھی دکھائے، تاہم آپریشن کے دوران سڑک سے گزرنے والی تمام گاڑیوں کو تلاشی کے بعد ہی جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔بتایا جارہا ہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کیخلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اچانک 10 دن کیلئے مُلتوی کردی گئی ہے، توشہ خانہ 2 کیس کی جیل مین ہونے والی سماعت ملتوی کیے جانے سے متعلق عدالتی عملے نے عمران خان کے وکلاء کو آگاہ کیا اور کیس کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی گئی، اس حوالے سے وکیل خالد یوسف نے کہا کہ توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں مقرر تھی، عدالتی عملے نے فون پر بتایا سماعت نہیں ہوگی، توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی 27 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت جمعہ 15 فروری کو 26 فروری تک ملتوی ہوئی تھی تو اب توشہ خانہ ٹو کیس کی جو سماعت جو آج 17 فروری ہونا تھی وہ بھی بغیر سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے، یوں آئندہ 10 دن اڈیالہ جیل میں کوئی سماعت نہیں ہوگی اور معمول سے ہٹ کر طویل تاریخ پڑی ہے۔ سماعت غیرمعمولی انداز میں ملتوی ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل فرید چوہدری نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار کیا،

ان کا کہنا تھا کہ میں اچانک سماعت ملتوی کیے جانے پہ شکوک و شبہات کا شکار ہو گیا ہوں، عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت و سلامتی کے بارے میں فکر مند ہوں کیوں کہ پچھلی دفعہ اس طرح کی پابندیوں کے دوران عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا تھا، غیر انسانی سلوک روا رکھا گیا، حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں فوری طور پر وکلاء اور خاندان کے افراد کی ملاقات بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے کروائی جائے، عمران خان اور بشریٰ بی بی سے فوری ملاقات کروائی جائے تاکہ ان کی صحت و سلامتی سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جا سکے۔










