تازہ تر ین

خیبرپختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ، اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدپشاور میں صوبہ خیبرپختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کور ہیڈکوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی اور صوبائی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی

پشاور: خیبرپختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ، اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدپشاور میں صوبہ خیبرپختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کور ہیڈکوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی اور صوبائی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، قومی سلامتی کے مشیر، کور کمانڈر پشاور،آئی جی ایف سی نارتھ، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کے آغاز پر دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور میں رواں برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کا انعقاد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملاکنڈ ڈویژن میں صوبائی حکومت کے نظم و نسق کو فوری طور پر صوبائی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی نگرانی میں ایک ماڈل کے طور پر نافذ کیا جائے گا، جسے بعد ازاں مرحلہ وار خیبر، اورکزئی اور کرم کے متاثرہ اضلاع میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔اجلاس میں ان اضلاع میں شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور کسی بھی ممکنہ عسکری کارروائی کے جائزے کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سربراہی میں ایک خصوصی ذیلی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، جو ماہانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرے گی۔

خصوصی کمیٹی میں منتخب عوامی نمائندگان، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، صوبائی حکام اور وفاقی اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کے لیے مستقل روزگار کے مواقع پیدا کرنے، متبادل معاشی ذرائع کی فراہمی اور عارضی طور پر بے گھر افراد کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔

اجلاس میں وفاق اور صوبہ خیبرپختونخوا کے درمیان مؤثر رابطے کے ذریعے دہشت گردی جیسے سنگین مسائل سے نمٹنے کے لیے یکساں پالیسی اور ہم آہنگ موقف اپنانے پر بھی زور دیا گیا۔مزید برآں نوجوانوں میں شدت پسندانہ سوچ کی روک تھام اور مثبت طرزِ فکر کے فروغ کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں غیر قانونی سم کارڈز، دھماکہ خیز مواد، بھتہ خوری اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی پروفائلنگ کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔حکام نے واضح کیا کہ صوبے میں سیکیورٹی کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر بنانے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی مرتب کی جا رہی ہے، جس کا مقصد عوام کو محفوظ ماحول اور پائیدار معاشی مواقع فراہم کرنا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب

سائنس اور ٹیکنالوجی

ڈیفنس

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2026 Baadban Tv. All Rights Reserved