ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی بازیابی کیلئے بیلف مقرر کردیا،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے خالد یوسف چوہدری کی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران درخواست گزار وکیل فیصل فرید چوہدری پیش ہوئے،عدالت نے فہیم داد کو بیلف مقرر کر دیا اور پیر 7 اکتوبر کو بیلف رپورٹ طلب کر لی۔درخواست میں وفاق، آئی جی پولیس، ڈی آئی جی سیکیورٹی،ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ اور ایس ایچ او ویمن پولیس اسٹیشن کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ پولیس کی غیر قانونی حراست سے بازیابی کیلئے عدالتی بیلف مقرر کیا جائے۔بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگرسیاسی ورکرز کی گرفتاریوں کے خلاف پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ نے فیصل چوہدری کے ذریعے اسلام آباد سیشن کورٹ سے رجوع کیا تھا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ قانون کے مطابق کسی بھی شہری کو بوقتِ گرفتاری وجوہاتِ گرفتاری سے آگاہ کیا جانا ضروری ہے۔ مقدمات درج کئے بغیر گرفتاریاں غیر قانونی ہیں۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ تشویش ناک بات ہے کہ حکومت پرامن احتجاج کی بھی اجازت نہیں دے رہی۔ علیمہ خان اور عظمی خان کو کل ڈی چوک سے حراست میں لیا گیا اورابھی تک انہیں کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور نہ کسی مقدمے کا بتایا گیا۔










