کراچی کے فیز 8 کا قبرستان، خوبصورتی اور میری بات کی وضاحت!السلام علیکم!گزشتہ روز میں نے کراچی کے فیز 8 میں واقع قبرستان کی ایک تصویر شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ مجھے یہ قبرستان بہت خوبصورت لگا۔ اس پر زیادہ تر دوستوں نے مثبت تبصرے کیے، تاہم بعض احباب نے خوبصورتی کے لفظ کو اپنے اپنے انداز میں لیا۔عرض صرف اتنی ہے کہ خوبصورتی محض ظاہری نہیں ہوتی، اس کے روحانی، باطنی اور کئی دوسرے پہلو بھی ہوتے ہیں۔ خیر، یہاں ہمارا موضوع خوبصورتی کی تعریف نہیں بلکہ قبرستان ہے۔قبرستان دراصل عبرت کا مقام ہے، جہاں انسان کو اپنی حقیقت اور اپنے انجام کی یاد آتی ہے۔ اسلامی تعلیمات میں بھی قبروں کو سادہ رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔ ہمارے بہت سے بزرگوں اور علمائے کرام کی قبریں آج بھی انتہائی سادہ ہیں۔ اصل اہمیت قبر کی ظاہری آرائش کی نہیں بلکہ اس سبق کی ہے جو ہمیں قبرستان سے حاصل ہوتا ہے۔دنیا کے مختلف ممالک میں قبرستانوں کے انتظامات اور تدفین کے قوانین بھی مختلف ہیں۔ بعض ممالک میں تدفین کے لیے جگہ مخصوص مدت یا لیز کی بنیاد پر فراہم کی جاتی ہے۔ بہرحال، یہ ایک الگ موضوع ہے جس پر پھر کبھی بات ہو سکتی ہے۔میں پہلی مرتبہ کراچی گیا تھا اور اپنی تاریخی تحقیق کے سلسلے میں اس قبرستان میں تقریباً آٹھ گھنٹے گزارنے کا موقع ملا۔ چونکہ مجھے محدود وقت میں اپنا تحقیقی کام مکمل کرنا تھا، اس لیے میں نے وہاں کافی وقت گزارا۔ اس دوران قبرستان کی صفائی، ترتیب، پُرسکون ماحول اور مجموعی انتظامات نے مجھے متاثر کیا۔لیکن ایک اور بات جس نے مجھے اس قبرستان میں سب سے زیادہ متاثر کیا، وہ وہاں آنے والے خاندان تھے۔میں نے دیکھا کہ کوئی والدین اپنے بچوں کی قبروں پر آئے ہوئے ہیں تو کوئی اولاد اپنے والدین کی آخری آرام گاہ پر موجود ہے۔ کئی لوگ آدھا آدھا گھنٹہ اپنے پیاروں کی قبروں کے پاس بیٹھ کر سورۂ فاتحہ اور دیگر قرآنی آیات پڑھ رہے تھے اور ان کے لیے دعائے مغفرت کر رہے تھے۔یہ مناظر دیکھ کر مجھے دلی خوشی ہوئی کہ دنیا سے رخصت ہو جانے والے لوگ آج بھی اپنے پیاروں کی دعاؤں اور یادوں میں زندہ ہیں۔یہاں ایک بات واضح کرتا چلوں کہ اس قبرستان میں میرا کوئی عزیز یا قریبی رشتہ دار دفن نہیں۔ میری پوری فیملی پنجاب میں ہے۔ اس لیے اس قبرستان کی تعریف کرنے میں میرا کوئی ذاتی مفاد یا خاندانی وابستگی نہیں تھی، بلکہ یہ صرف میرے مشاہدات اور احساسات تھے۔اپنے دنیا سے رخصت ہو جانے والے پیاروں کے لیے دعائے مغفرت کرنا، ان کے لیے صدقہ کرنا اور انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا یقیناً محبت اور وفا کا ایک خوبصورت اظہار ہے۔اپنی تاریخی تحقیق کے دوران مجھے مختلف قبرستانوں میں جانے کا موقع ملتا رہتا ہے۔ ایک بات جو میں نے اکثر محسوس کی، وہ یہ ہے کہ بہت سی قبریں ایسی بھی ہیں جہاں طویل عرصے تک کوئی فاتحہ پڑھنے نہیں آتا۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے جس پر ہمیں غور کرنا چاہیے۔اس کے برعکس کراچی کے اس قبرستان میں اپنے مرحومین کے لیے آنے والے لوگوں کو دیکھ کر مجھے ایک اچھا احساس ہوا۔ شاید یہی وہ خوبصورتی تھی جسے میں نے محسوس کیا اور اپنی پوسٹ میں بیان کر دیا۔میری نظر میں قبرستان کی اصل خوبصورتی سنگِ مرمر، مہنگے کتبوں یا پختہ قبروں میں نہیں، بلکہ وہاں موجود سادگی، سکون، عبرت اور ان دعاؤں میں ہے جو زندہ لوگ اپنے دنیا سے رخصت ہو جانے والے پیاروں کے لیے کرتے ہیں۔میری پوسٹ کا مقصد نہ قبروں کی آرائش کی حمایت کرنا تھا اور نہ ہی کسی قبرستان کی ظاہری شان و شوکت کو اہمیت دینا، بلکہ صرف اپنے ایک مشاہدے اور احساس کا اظہار کرنا تھا۔تمام دوستوں کی محبت، مثبت تبصروں اور اختلافِ رائے کا تہہ دل سے شکریہ۔ ہر شخص کو اپنی رائے دینے کا حق ہے، لیکن میری بات کا مقصد صرف اتنا سا تھا۔۔










